زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے انسٹی ٹیوٹ آف سوائل و انوائرمنٹل سائنسز کے زیراہتمام ورلڈ ارتھ ڈے کے موقع پر آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا جس کی قیادت انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر پروفیسرڈاکٹر جاوید اختر‘ ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر ظہیر احمد ظہیراور ڈاکٹر محمد یاسین نے کی۔ آگاہی واک میں طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد بھی شریک تھی جنہوں نے ہاتھوں میں زمین اور ماحولیات کے تحفظ پر مبنی کتبے اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ آگاہی واک میں زمینی و فضائی آلودگی کے ساتھ ساتھ سمندری حیات کی بقاء کو درپیش بڑے چیلنج پلاسٹک کے شاپر بیگ اور اس سے بنی اشیاء کی استعمال کی حوصلہ شکنی کرنے پر زور دیا گیا تھا۔ واک میں صنعتوں اور ٹرانسپورٹ کے باعث بڑھتی ہوئی شور کی آلودگی‘ مضر صحت کیمیکلز اور ہسپتال کا فضلہ غیرمحفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔ ڈائریکٹر انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی شوکت حیات نے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ ہر سال 22اپریل کو یہ دن اس عزم کے ساتھ منایا جاتا ہے کہ کرہ ارض کوآلودگیوں سے پاک کرنے کیلئے انفرادی اور اجتماعی کاوشیں بروئے کار لائی جائیں گے تاہم وہ سمجھتے ہیں کہ سال کے 365دن ہی ہمیں اس عزم کا اعادہ کرتے رہنا چاہئے۔ ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر ظہیر احمد ظہیر نے حکومتی اداروں پر زور دیا کہ ماحولیاتی قوانین پر سختی سے عملدرآمدیقینی بنانے کیلئے سنجیدگی سے کام کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ مضرصحت گیسوں میں کمی کیلئے تمام گاڑیوں کی مناسب دیکھ بھال اور پبلک سیکٹر سیوریج ٹریٹ منٹ پلانٹس کی تعمیر اور سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کے انتظام کو سائنسی بنیادوں پر استوار کیا جائے۔ ڈاکٹر محمد یاسین نے کہاکہ ہمیں پبلک و پرائیویٹ سیکٹر کے تمام تعمیراتی منصوبوں کیلئے ماحولیاتی حدود کا تعین کرنے میں مزید تاخیر نہیں کرنی چاہئے۔ انہوں نے گاڑیوں سے پریشرہارنز کے فوری خاتمے کے ساتھ ساتھ کیمیائی کھادوں اور کیڑے مارادویات کے استعمال میں بھی کمی کی ضرورت پر زور دیا۔ واک میں ڈبلیو ڈبلیو ایف فیصل آباد کے مسٹر عبداللہ بھی شامل تھے۔ اس موقع پر طلبہ کے مابین ارتھ ڈے کے حوالے سے پوسٹرسازی کے مقابلے بھی منعقد ہوئے جن میں امداد حسین اور اظہرحسین نے پہلی‘ حمیسہ اور زلوہ نے دوسری جبکہ اقصی نسیم نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ انسٹی ٹیوٹ آف سوائل و انوائرمنٹل سائنسز سے ڈاکٹر ارشاد نیازی‘ ڈاکٹر نوید‘ ڈاکٹر اختر اور ڈاکٹر اظہر نے پوسٹرز کے معیار کا جائزہ لیا۔