زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف اورڈبلیو ایچ او کے نمائندہ وفد کے درمیان ان کے چیمبر میں ہونیوالی ملاقات میں طے پایا کہ دونوں ادارے مشترکہ طو رپر کام کریں گے۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے ڈاکٹر ناہو نگوین تران ہیڈکوارٹرجنیوا‘ ڈاکٹر ماتھیو بنکرٹ‘ ڈاکٹر محمد طیب‘ ڈاکٹر جمشید احمد ہیڈآف ڈبلیو ایچ او پنجاب‘ ڈاکٹر عرفان‘ ڈاکٹر شہناز نسیم ڈائریکٹر سی ڈی سی لاہور‘ مسٹر محمد شہزادانٹومالوجسٹ‘ ڈین کلیہ زراعت ڈاکٹر محمد اسلم خاں‘ چیئرمین انٹومالوجی ڈاکٹر منصور الحسن ساہی‘ پروفیسرڈاکٹر وسیم اکرم‘ سی ای او ہیلتھ فیصل آباد ڈاکٹر مشتاق سپرا‘ پنجاب انفرمیشن ٹیکنالوجی بورڈ سے محمد سلمان صابر اور ڈینگی پروگرام کے کوارڈی نیٹر ڈاکٹر بلال احمد پر مشتمل وفد کے ساتھ سرکٹ ہاؤس میں ہونے والی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف نے کہا کہ پاکستان میں ون ہیلتھ کے فلسفے کو فروغ دیتے ہوئے ایسی پالیسیاں اور قانون سازی کے ساتھ پیش رفت کرنا ہوگی تاکہ مربوط انداز میں صحت عامہ کے جملہ مسائل کو بہتر اور پائیدار طریقے سے حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہیومن ہیلتھ‘ پلانٹ ہیلتھ‘ اینیمل ہیلتھ اور انوائرمنٹل ہیلتھ جیسے چیلنجز سے کامیابی کے ساتھ نبردآزما ہونے کیلئے ان شعبہ جات کے ما ہرین کو ایسی پالیسیاں اور قانون سازی متعارف کروانا ہوگی جن پر عملدرآمد سے زندگی کو درپیش مسائل کا حل نکالا جا سکے۔ ورلڈہیلتھ آرگنائزیشن پنجاب کے سربراہ ڈاکٹر جمشید احمد نے تجویز پیش کی کہ جانوروں سے انسانوں کو منتقل ہونے والے امراض کی روک تھام اور تحقیق کیلئے یونیورسٹی ماہرین پر مشتمل ٹیم تشکیل دی جانی چاہئے تاکہ برڈ فلو اور کانگو جیسے امراض کا تدارک کیا جاسکے۔ چیئرمین شعبہ انٹومالوجی ڈاکٹر منصور الحسن ساہی نے کہا کہ ان کا شعبہ جلد ہی جراثیمی امراض کے حوالے سے ایک خصوصی نمائش کا بھی اہتمام کر رہا ہے جس کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
ڈینکی آر اینڈ ڈی ماہر ڈاکٹر وسیم اکرم نے کہاکہ صوبہ پنجاب میں ان کی زیرترتیب ٹیم کی طرف سے سال 2011ء سے اب تک ڈینگی بخار کی روک تھام کیلئے صوبائی سطح پرکیا جانیوالا کام بین الاقوامی سطح پر سراہاجا رہا ہے۔