زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف(ہلال امتیاز) اور پاکستان کونسل آف رینیوابل انرجی ٹیکنالوجیز‘ اسلام آبادکے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر باقر رضا نے چیئرمین شعبہ انرجی سسٹم انجینئرنگ ڈاکٹر انجم منیر‘ ڈائریکٹر بیرونی روابط ڈاکٹر رشید احمد‘ پی سی آر ای ٹی کے ڈائریکٹر سعید حسین کی موجودگی میں دستخط کئے۔ تفصیلات کے مطابق دونوں اداروں کے محققین ریسرچ و ڈویلپمنٹ منصوبوں کیلئے مشترکہ پیش رفت کے ساتھ ساتھ ایک دوسرے کی تحقیقاتی لیبارٹریوں میں ریسرچ پراجیکٹ بھی کر سکیں گے۔ معاہدے کے مطابق پی سی آر ای ٹی زرعی یونیورسٹی میں انرجی سسٹم انجینئرنگ کے طلبہ کے تحقیقی اُمور میں معاونت کیلئے انہیں انٹرشپ بھی فراہم کر سکے گا جبکہ دونوں ادارے مشترکہ طو رپر پروفیشنل سرٹیفکیٹ کورس بھی آفرکر سکیں گے۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف نے بتایا کہ یونیورسٹی کی کلیہ زرعی انجینئرنگ و صنعتیات کے ساتھ ساتھ نئے تعمیر کئے گئے آئی سی ٹی بلاک کو مکمل طو رپر سولر انرجی سے منسلک کیا جا رہاہے اور وہ توقع رکھتے ہیں کہ سولر انرجی کوپورے کیمپس میں بتدریج متبادل ذریعہ توانائی کے طور پر آگے بڑھایا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ شمسی توانائی سمیت قابل تجدید انرجی کے حوالے سے پوری دنیا میں تحقیقات جاری ہیں لہٰذا پاکستان میں بھی توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے تناظر میں توانائی کے تمام ذرائع کا بروئے کارلانا انتہائی اہم ہوگا۔ پی سی آر ای ٹی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر باقررضا نے کہا کہ ان کا ادارہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سلی کون ٹیکنالوجی (این آئی ایس ٹی) اور پاکستان کونسل فار اپروپری ایٹ ٹیکنالوجیز (پی سی اے ٹی) کے انضمام کے نتیجہ میں تخلیق پایا ہے اور آج یہ ادارہ پورے ملک میں قابل تجدید ٹیکنالوجی میں پیش رفت کے حوالے سے ریسرچ و ڈویلپمنٹ کے منصوبوں کیلئے کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔