قائم مقام ڈین کلیہ ویٹرنری سائنس ڈاکٹر طارق جاوید کی قیادت میں نکالی گئی واک میں شعبہ فزیالوجی و فارماکالوجی کے انچارج ڈاکٹر فاروق اعظم‘ تدریسی و انتظامی سٹاف ممبران اورطلبہ کی کثیر تعداد نے شر کت کی۔ اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈین کلیہ ویٹرنری سائنس ڈاکٹر طارق جاوید نے کہا کہ فارمیسی سے متعلق افراد بیمار لوگوں کی صحت کو درپیش جملہ اُمور میں ان کی صحت یابی کیلئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی معاشرے میں ڈاکٹری نسخہ کے بغیر ادویات کا استعمال دوسرے ترقی پذیر ممالک کے مقابلے میں انتہائی زیادہ ہے جو بسا اوقات خطرناک نتائج کا باعث بن سکتا ہے لہٰذا اس حوالے سے عوامی سطح پر شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرکی تجویز کے بغیر ادویات کا زیادہ مقدار میں استعمال انسانی جسم میں ادویات کی اثرپذیری کی شرح میں بھی کمی لا رہا ہے جس کی وجہ سے مستقبل میں بیماری کی صورت میں استعمال کی گئی ادویات غیرموثر ہوکر رہ جاتی ہیں لہٰذا ڈاکٹری نسخہ کے مطابق ہی ادویات کا استعمال یقینی بنایا جانا چاہئے۔اس موقع پر شعبہ کے انچارج ڈاکٹر فاروق اعظم نے کہا کہ ہمیں ترقی یافتہ ممالک کی طرز پر نینو میڈیسن کی طرف پیش قدمی کرنا ہوگی۔ انہوں نے حالیہ برسوں کے دوران نینومیڈیسن کے بڑھتے ہوئے رجحان اور افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بھی نینومیڈیسن کے استعمال میں حوصلہ افزائی ہورہی ہے جوکہ قابل تعریف امر ہے
انہوں نے کہا کہ نینومیڈیسن کے ذریعے انسانی جسم کے متاثرسیل میں بہتری لاکر بیماری کی وجوہات کو ختم کرنے میں مدد مل رہی ہے۔