اس عزم کا اظہار زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف(ہلال امتیاز) نے گریجوایٹ سٹڈیز و ریسرچ بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ سنڈیکیٹ روم میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف نے کہا کہ وہ گریجوایٹ سٹڈیز اور ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس فنانشل اسسٹنٹس کے دفاتر کونئے تعمیر کئے جانیوالے سٹوڈنٹ سینٹر میں منتقل کرنے کے آرزو مند ہیں جہاں ایک ہی چھت تلے طلبہ کے داخلوں سے لیکر سکالرشپس سمیت دوسری رہنمائی بھی فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہرچندگزشتہ چند برسوں سے بہت سے معاملات کو آن لائن کیا جا رہا ہے تاہم وہ سمجھتے ہیں کہ طلبہ کی سہولت کیلئے ابھی بہت کام کرنا باقی ہے۔ ڈائریکٹر گریجوایٹ سٹڈیز پروفیسرڈاکٹر ریاض ورک نے کہا کہ داخلوں میں 17ہزار اُمیدواروں نے فارم جمع کروائے تھے جن کی جانچ پڑتال کے بعد 13ہزار طلبہ کی درخواستوں کو پراسس کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ ان کی ٹیم نے پہلی میرٹ لسٹ کے بعد دوسری لسٹ بھی جاری کر دی ہے اور توقع رکھتے ہیں کہ پوسٹ گریجوایٹ داخلوں کا سلسلہ 15اکتوبر سے پہلے مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امسال ایم فل اور ایم ایس پروگرامز کے لئے انٹری ٹیسٹ جبکہ پی ایچ ڈی پروگرامز کیلئے جی آر ای (سبجیکٹ)کا امتحان پاس کرنیوالوں کیلئے آن لائن داخلہ کی ونڈوفراہم کی گئی تھی اور وہ پرعزم ہیں کہ مستقبل میں انٹری ٹیسٹ اس طرح شیڈول کئے جائیں جس سے شدید موسمی حالات میں بھی طلبہ کیلئے سہولیات پیداکی جا سکیں۔ اجلاس میں پوسٹ گریجوایٹ داخلوں کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا گیااور ریسرچ تھیسزجمع کروانے کی آخری تاریخ میں 18اکتوبر تک توسیع کی بھی منظوری دی۔