یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف سوائل و انوائرمنٹل سائنسز کے زیراہتمام نکالی گئی واک کی قیادت گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی اہلیہ محترمہ پروین سرور‘ یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف (ہلال امتیاز)‘ ایم پی اے فردوس رائے‘ آل پاکستان پرائیویٹ سکولز فیڈریشن کے چیئرمین مرزا کاشف‘ پرنسپل آفیسراسٹیٹ مینجمنٹ ڈاکٹر قمر بلال‘ انسٹی ٹیوٹ آف سوائل و انوائرمنٹل سائنسز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد یاسین‘ ڈاکٹر جاوید اختر نے کی۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے محترمہ پروین سرور نے کہا کہ حکومت پنجاب تمام محکمے مربوط انداز میں سموگ کے تدارک کیلئے کوشاں ہیں اور اینٹوں کے بھٹوں میں زگ زیگ ٹیکنالوجی پر عملدرآمد یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ آلودگی اور دھویں کا باعث بننے والے عوامل کی ہر ممکن حوصلہ شکنی کی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب آئندہ چند ہفتوں میں پلاسٹک بیگز کی تیاری‘ فروخت اور استعمال پر مکمل پابندی لگانے جا رہی ہے لہٰذا ہمیں چاہئے کہ خریداری کیلئے کپڑے کے تھیلے اپنے ساتھ رکھنے کو عادت بنالیں تاکہ بین الاقوامی سطح پر ہم ایک ذمہ دار اور باشعور قوم کی حیثیت سے آلودگی کم کرنے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف (ہلال امتیاز) نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جلد ہی یونیورسٹی کیمپس میں پلاسٹک بیگزکے استعمال پر مکمل پابندی عائد کرکے اسے ملک کا سب سے پہلا ماحول دوست کیمپس بنایا جائے گاجس میں پلاسٹک بیگزکا استعمال مکمل طور پر ممنوع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہرچند فیصل آباد آلودگی شہروں کی فہرست میں شامل ہے تاہم یونیورسٹی کیمپس میں گزشتہ چند مہینوں سے لگائے جانیوالے ہزاروں درختوں کی وجہ سے وہ توقع رکھتے ہیں کہ مستقبل میں سموگ کی شدت میں بتدریج کمی آئے گی۔ انسٹی ٹیوٹ آف سوائل و انوائرمنٹل سائنسز کے ڈائریکٹر پروفیسرڈاکٹر محمد یاسین نے کہا کہ ان کا انسٹی ٹیوٹ انوائرمنٹل سائنسز کے چارسالہ ڈگری پروگرام کے ساتھ ساتھ ایسے اُمور پر بھی تحقیقات میں مصروف ہے جس سے شہر کے مضافات میں کاشت کی جانیوالی فصلوں خصوصاً سبزیوں میں استعمال ہونیوالے سیوریج واٹر سے ان میں پیدا ہونیوالے ہیوی میٹلز اور نقصان دہ عناصر کی مقدار کا تعین کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سوائل وانوائرمنٹل سوسائٹی کے نوجوان کیمپس کمیونٹی میں پلاسٹک بیگزکے استعمال کی حوصلہ شکنی کرنے کیلئے ہر گھر میں کپڑے سے تیارتھیلے تقسیم کر رہے ہیں جبکہ کچرے کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کیلئے کوریڈور میں بڑے ڈسک بن بھی خصوصی طور پر رکھے گئے ہیں۔دریں اثناء مسز گورنر پروین سرور نے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف (ہلال امتیاز) کے ہمراہ ایکسپو سینٹر میں یونیورسٹی ماہرین کی تیار کردہ ٹیکنالوجی نمائش کا افتتاح کرنے کے بعد سٹالز کا دورہ بھی کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب صوبہ پنجاب کے تمام اضلاع میں یونین کونسل کی سطح پر عوام کوپینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں اور انہیں یہ جان کر انتہائی خوشی ہوئی ہے کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے اپنے وسائل سے کیمپس کمیونٹی کیلئے آر او پلانٹ نصب کر رکھا ہے۔ انہوں نے ٹیکنالوجی نمائش میں متعارف کروائی گئی مصنوعات اور ٹیکنالوجی کو بھی سراہا۔