جس کے ذریعے جامعہ زرعیہ کو تمام پہلوؤں سے ایک ماڈل یونیورسٹی بنایا جائیگا۔ یہ باتیں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف (ہلال امتیاز) نے انجمن اساتذہ 2020ء کی تقریب حلف برداری سے مہمان خصوصی کے طو رپر اپنے خطاب میں کہیں۔ اقبال آڈیٹوریم میں منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد اشرف نے کہا کہ مختلف تحقیقی منصوبوں میں مصروف عمل سائنس دانوں کی سہولت کیلئے ٹریژرر آفس میں ون ونڈو آپریشن شروع کیا جا رہا ہے تاکہ ان کے جملہ اُمور احسن طریقے سے سرانجام پاسکیں۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی سینٹ سے ملازمین کی ٹائم سکیل پروموشن کی اصولی منظوری حاصل کر لی گئی ہے جس کے بعد مجاز اتھارٹیز کے ذریعے بہت جلد سینکڑوں ملازمین کی اگلے سکیلوں میں اَپ گریڈیشن کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹنیورٹریک سسٹم میں شامل اساتذہ کے ساتھ ساتھ بی پی ایس پر کام کرنیوالے اساتذہ کو بھی پرفارمنس کی بنیاد پر انکریمنٹس اور اعزازیہ کیلئے زیرغور لایا جائے گا تاکہ محنت اور خلوص کے ساتھ کام کرنیوالوں کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کے تین دفاتر میں ای فائلنگ شروع کر دی گئی ہے جس سے پیپرلیس ماحول میں جملہ اُمور کی ٹریکنگ کے ساتھ ساتھ شفافیت کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے لہٰذا اب پہلے سے زیادہ ذمہ داری اور مستعدی کے ساتھ معاملات کو آگے بڑھایا جاسکے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ یونیورسٹی اساتذہ و سائنس دان ہمارا فخر جن کے ذریعے معیار تعلیم میں بہتری اور یونیورسٹی کی عالمی اور قومی سطح پر رینکنگ میں بہتری کا خواب شرمندہئ تعبیر کیا جائے گا۔ عالمی سطح پر اکیڈمک ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ کے سخت کوالٹی پیرامیٹرز کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ کوئی بھی پاکستانی یونیورسٹی آئندہ 20برسوں تک اُس معیار پر پورا اتر نہیں پائے گی لہٰذا ان کی کوشش ہوگی کہ ٹائمز ہائر ایجوکیشن رینکنگ میں یونیورسٹی کیلئے 500بہترین جامعات میں شمولیت کا اعزاز حاصل کرنے کیلئے اساتذہ کی نمائندہ تنظیم کے ساتھ مشاورت کے ساتھ پیش رفت کی جائے تاکہ ایک مربوط اور موثرحکمت عملی کے ذریعے مقررہ اہداف حاصل کرنے کی راہ ہموار ہوسکے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دنوں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیرزراعت پنجاب ملک نعمان لنگڑیال نے اپنے دورہ یونیورسٹی کے دوران یونیورسٹی کی خوبصورت لینڈسکیپنگ اور کلین و گرین کیمپس کی خصوصی طور پر تعریف کی ہے جو بلاشبہ ڈاکٹر قمر بلال کی سربراہی میں کیمپس کو خوبصورت بنانے کیلئے کوشاں ٹیم کی شبانہ روز محنت کا اعتراف ہے۔ان سے پہلے انجمن اساتذہ کے سابق صدر پروفیسرڈاکٹر عامر جمیل اور سیکرٹری عامر مقصود گل نے گزشتہ برسوں کی کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اکیڈمک سٹاف کو درپیش تین درجن سے زائد مسائل و مشکلات کا یونیورسٹی انتظامیہ کی مدد سے پائیدار حل نکالنے میں کامیاب ہوئے جبکہ دو درجن مطالبات ایسے ہیں جن کیلئے نئی منتخب کابینہ سٹاف کی موثر وکالت کا فریضہ سرانجام دے گی۔ انجمن اساتذہ کے نو منتخب صدر ڈاکٹر محمد عیسیٰ خان نے اساتذہ کے مسائل و مشکلات کے حل میں سابق کابینہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ معاملات کو باہمی مشاورت کے ساتھ یونیورسٹی انتظامیہ تک پہنچاکران کے پائیدار حل کا راستہ ہموار کریں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انجمن اساتذہ کیلئے نوتعمیرشدہ سٹوڈنٹ سہولت سنٹر میں دفترفراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پورے کیمپس کو ای آر پی سسٹم سے منسلک کیا جائے تاکہ طلبہ‘ اساتذہ اور ملازمین کے جملہ اُمور کو ٹریکنگ سسٹم کا حصہ بناتے ہوئے شفافیت اور برق رفتاری سے حل کرنے کی راہ ہموار کی جا سکے۔ انجمن اساتذہ کی نئی کابینہ میں حلف اُٹھانے والوں میں ڈاکٹر عیسیٰ خان صدر‘ ڈاکٹر انجم ضیاء سیکرٹری‘ ڈاکٹر محمد صغیر نائب صدر‘ڈاکٹر محمد ساجد عقیل جوائنٹ سیکرٹری‘ ڈاکٹر عبدالغفور خزانچی‘ نائب صدر ٹوبہ کیمپس ڈاکٹر فاروق خالد‘ نائب صدر دیپالپور کیمپس ڈاکٹر صفدر بشیر‘ کونسلرزڈاکٹر صفدر علی‘ ڈاکٹر محمد عرفان اشرف‘ کرن خالد‘ ڈاکٹر سیدقمر عباس اور ڈاکٹر محمد ظفر اقبال شامل تھے۔