اس حوالے سے کامیاب طالبات میں سکالرشپ کے سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب وائس چانسلرآفس کے میٹنگ روم میں منعقد ہوئی۔تقریب میں وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف (ہلال امتیاز)‘ برٹش کونسل کے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر مارک کروسی‘ ہیڈ آف ہائرایجوکیشن اینڈ سکلز محترمہ سارہ پرویز نے ڈائریکٹر فنانشل اسسٹنٹس و یونیورسٹی ایڈوانس منٹ ڈاکٹر جاوید اختر‘ پرنسپل آفیسراسٹیٹ مینجمنٹ ڈاکٹر قمر بلال‘ ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر ظہیر احمد ظہیر کے ہمراہ کامیاب طالبا ت میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔ طالبات سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف نے کہا کہ وہ خود بھی برطانیہ کی لیورپول یونیورسٹی کے سکالر ہیں اور سمجھتے ہیں
کہ برطانوی جامعات اپنے بہترین اور مثالی پروگرامز کی وجہ سے دنیا بھر میں نمایاں اور معتبر ہیں لہٰذا وہ چاہیں گے کہ سکالرشپ حاصل کرنیوالی طالبات مزید اعلیٰ تعلیم کیلئے برطانوی جامعات میں داخلہ کیلئے سکالرشپ جیتنے کیلئے سامنے آئیں تاکہ واپس آکر بہتر طور پر اپنی مادرِ وطن کی خدمت کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ برٹش کونسل بلاشبہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلیمی و ثقافتی تعلقات میں گرمجوشی پیداکرکے انہیں نئی بلندیوں سے ہمکنار کرنے کیلئے مضبوط بنیاد فراہم کر رہی ہے جسے وہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ سکالرٹش سکالرشپ کے ذریعے یونیورسٹی طالبات فوڈ سیکورٹی و زراعت‘ کلائمیٹ چینج‘پائیدار توانائی‘ ایجوکیشن اور ہیلتھ سائنسز میں اعلیٰ تعلیم و تحقیق میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہارکرسکیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی کو جلد ہی دنیا کی 500بہترین جامعات میں شامل کروانے کیلئے مطلوبہ کوالٹی پیرامیٹرز پر پیش رفت شروع کر دی گئی ہے اور وہ توقع رکھتے ہیں کہ جلد ہی اس سلسلہ میں نمایاں کامیابی حاصل ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی نے برطانیہ کی یونیورسٹی آف بینگراور یونیورسٹی آف ویلزکے ساتھ دو طرفہ تعاون کے سمجھوتے موجود ہیں جس میں یونیورسٹی کے درجنوں طلبہ نے سکالرشپس حاصل کرکے برطانوی جامعات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی تاہم وہ اس امر کے آرزومند ہیں کہ ان سمجھوتوں میں گرمجوشی لاکر یونیورسٹی سے مزید نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کیلئے مذکورہ جامعات میں بھیجنے کا بندوبست کیاجائے۔ برٹش کونسل کی ہیڈآف ہائرایجوکیشن و سکلز مس سارہ پرویز نے بتایا کہ ان کا ادارہ 28فروری کو 8برطانوی یونیورسٹیوں کے نمائندوں پر مشتمل ٹیم کے ساتھ زرعی یونیورسٹی میں برطانوی جامعات میں تعلیم کے خواہش مند طلبہ کی رہنمائی کرے گا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ برٹش کونسل جلد ہی پاکستان سکاٹش سکالرشپ کی ایلومنائی ایسوسی ایشن کا قیام عمل میں لارہی ہے جس سے انہیں ایک دوسرے کے ساتھ موثر رابطوں کا پلیٹ فارم میسر آئے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے توسط سے پاک یو کے ایجوکیشن گیٹ وے کے تحت انوویٹو اینڈ کولیبریٹو ریسرچ گرانٹ میں دونوں ممالک کی جامعات کے مابین تعاون بڑھانے کیلئے اہم پیش رفت کی گئی ہے اور وہ توقع رکھتی ہیں کہ اس نیٹ ورک میں پاکستان کی 160جامعات کو برطانیہ کی 65 جامعات کے ساتھ پیشہ وارانہ اُمور میں تعاون بڑھانے‘ طلبہ و اساتذہ کے باہمی تبادلوں سمیت ایک دوسرے کے تجربات و مشاہدات سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔ برٹش کونسل کے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر مارک کروسی نے سکالرشپ جیتنے والی طالبات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے توقع ظاہرکی کہ وہ اعلیٰ تعلیم کے بعد برٹش کونسل اور جامعہ زرعیہ کے سفیر کے طور پر عملی میدان کا حصہ بنیں گی۔ ان کاکہنا تھا کہ پاک یو کے ایجوکیشن گیٹ وے کے ذریعے سکاٹش سکالرشپ جیتنے والی طالبات کیلئے برطانوی اداروں میں اعلیٰ تعلیم کے پرکشش مواقع موجو د ہونگے لہٰذا وہ خوب محنت اور لگن کے ساتھ اپنے تعلیمی سلسلے کو آگے بڑھائیں۔ انہوں نے موسم خزاں میں یونیورسٹی کے سرسبز و شاداب لانزاور خوبصورت لینڈسکیپنگ کو خصوصی طور پر سراہتے ہوئے کلین و گرین کیمپس پر وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف اور اس خوبصورت مہم کے روح رواں ڈاکٹر قمر بلال کی کاوشوں کو خاص طو رپر سراہا۔