گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ قومی معیشت و امن عامہ کوصورتحال کی بہتری سے تعلیم ‘ صحت ‘توانائی اور روزگار کے شعبوں میں دیرپا ترقی کی شاہراہ پر سفرمزید تیز ہوجائے گا جسے پڑھے لکھے نوجوان کی صلاحیتوں و توانائیوں سے آگے بڑھایا جائیگا ۔ ڈگریاں اور میڈلز اس دھرتی کے ساتھ ساتھ اس ملک میں رہنے والے عام پاکستانیوں کا ان گریجوایٹس کی زندگیوں پر قرض ہے جو انہیں اپنی محنت ‘ جذبہ خدمت اور ایمانداری سے اس ملک کوترقی سے ہمکنار کرکے اُتارنا ہے۔
۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آبادکے 23ویں جلسہ تقسیم اسنادو میڈلزسے مہمان خصوصی کے طور پر خطاب میں گورنر پنجاب نے نوجوانوں پر زور دیا کہ ڈگریاں حاصل کرنے کے بعد والدین کے ساتھ ساتھ ان تمام شخصیات کے شکرگزار ہوں جن کی مدد سے وہ ان کامیابیوں سے سرخرو ہوئے ہیں۔ انہوں نے زرعی سائنس دانوں اور نوجوان گریجوایٹس پر زور دیا کہ موسمیاتی تغیرات اور فی ایکڑ پیداواری جمود کے تناظر میں ملکی زراعت کو آگے لیجانے اور بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات پوری کرنے کیلئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔ انہوں نے کہاکہ متناسب زراعت کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے کم زرعی مداخل سے فی ایکڑ زیادہ پیداوار حاصل کرکے کسان کی آمدن کوبڑھانا ایک بڑا چیلنج ہے جس میں کامیابی کیلئے زرعی تعلیم سے آراستہ نوجوانوں کو فعال کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے ڈگری حاصل کرنیوالوں پر زور دیا کہ وہ عملی زندگی میں ایماندرای‘ محنت اور جذبہ خدمت کو شعار بناکر آگے بڑھیں اور زرعی اجناس ‘پھل‘ سبزیوں اور دودھ کی پیداوار میں اضافہ سے ملک کو ایک اور سبز و سفید انقلاب سے ہمکنار کرنے میں اپنا حصہ ڈالیں۔گورنر پنجاب نے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقراراحمد خاں کی قیادت میں یونیورسٹی میں ہونے والی ترقیوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ یونیورسٹی ہر شعبہ میں مثالی کامیابیاں سمیٹ رہی ہے جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت نے نااُمیدی کے سمندر میں اُمیدوں کے خوبصورت جزیرے بنا دیئے ہیں جن میں جلدہی بہاروں کے دل آویزپھول کھلیں گے۔ انہوں نے گریجوایٹ خواتین پر زور دیا کہ وہ ڈگریاں حاصل کرنے اور شادی کے بعد گھر بیٹھنے کے بجائے ترقی کے عمل میں اپنی عملی شرکت یقینی بناکرآگے بڑھتے ہوئے پاکستان کے ہراول دستے کا حصہ بنیں۔ گورنر پنجاب نے آرمی پبلک سکول اور چاسدہ یونیورسٹی کے شہیدوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کی قیادت اور ضرب عضب اور کراچی آپریشن جیسے جرأت مندانہ فیصلوں کوایک پرامن پاکستان کا نقیب قرار دیا۔
اس موقع پر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقراراحمد خاں نے اپنے استقبالیہ خطاب میں دنیا کی 3ہزار سے جامعات کی درجہ بندی میں 100بہترین یونیورسٹیوں میں شمولیت پر کانووکیشن کے تمام شرکاء کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی 60سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہوگا کہ کسی ایک سال کے دوران 153پی ایچ ڈی سکالرزمیں ڈگریاں تقسیم ہوں گی۔ انہوں نے کانوکیشن میں ڈگریاں اور میڈل حاصل کرنے والے گریجوایٹس کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ کانووکیشن میں 45انتہائی باصلاحیت اور ہونہار نوجوانوں میں میڈلز کی تقسیم قابل فخر لمحہ ہے۔ انہوں نے گریجوایٹس طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی میں طالبات کو داخلے اور تعلیم و تحقیق اور ازاں بعد خواتین کی ملازمتوں کیلئے خصوصی طورپر حوصلہ افزائی کی جار ہی ہے یہی وجہ ہے کہ آج کیمپس پر 8ہزار سے زائد خواتین مکمل آزادی اور خودانحصاری کے ساتھ سائیکلوں پر اپنے اُمور سرانجام دیتی نظر آتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں چند برسوں کے دوران طلباء و طالبات کی تعداد 8ہزار سے بڑھ کر 23ہزار تک پہنچ چکی ہے جسے آئندہ برسوں میں 30ہزار تک لیجایا جائیگا جس کیلئے بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں وفاقی اور صوبائی حکومت کی مدد سے اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔ ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے بتایاکہ یونیورسٹی میں ہر سال 600سے زائد پروگرام منعقد کئے جا رہے ہیں جن کے ذریعے سامنے آنیوالا نیا علم دوسروں تک پہنچایا جا رہا ہے۔ انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ یونیورسٹی نے آئی بی اے سکھر کے ساتھ مشترکہ ڈگری پروگرام میں کامیابی کے بعد بی ایس سی ایگریکلچرل سائنسز میں میں مزید اعلیٰ تعلیم کیلئے کینیڈاکی ڈلہوسی یونیورسٹی میں داخلوں کے دروازے کھول دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی کے کیسل یونیورسٹی کے ساتھ ماسٹرز اور پی ایچ ڈی میں اعلیٰ تعلیم کیلئے 40وظائف جبکہ امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کے ذریعے فیکلٹی و سٹوڈنٹ ایکسچینج‘ تعلیمی وظائف اور کمیشنڈ ریسرچ کے سینکڑوں مواقعوں کے ساتھ ساتھ پنجاب حکومت کی طرف سے بھی 300پی ایچ ڈی سکالرشپس میں ہونہار نوجوانوں کو ترقی یافتہ ممالک بھیجنے کا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ یونیورسٹی ماہرین کی آراء کوحکومتی پالیسیوں میں ترجیحی طور پر زیرغور لایا جا رہا ہے جس سے زرعی و دیہی ترقی کی منزل کے حصول میں مدد مل رہی ہے۔ انہوں نے ڈگریاں مکمل کرنے والے گریجوایٹس پر زور دیا کہ وہ عملی زندگی میں اپنی مادر علمی کی مزید ترقی کیلئے راہ ہموار کریں اور اپنی آراء و تجاویز کے ساتھ اس یونیورسٹی کے وقار میں اضافہ کریں۔گورنر پنجاب نے جلسہ تقسیم اسناد میں 153پی ایچ ڈی سکالرز میں ڈگریاں اور 45نوجوانوں میں میڈلز تقسیم کئے جبکہ دوسرے 5ہزار سے زائد گریجوایٹس میں ڈگریاں کی منظوری دی۔ناظم امتحانات پروفیسرڈاکٹر عبدالواحد نے کانووکیشن کی کارورائی کو آگے بڑھایا جبکہ کلیہ جات کے ڈینز ڈاکٹر عبدالسلام خاں‘ ڈاکٹر محمد اقبال ظفر‘ ڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا‘ ڈاکٹر احسان الحق‘ ڈاکٹر مسعود صادق بٹ‘ ڈاکٹراللہ بخش اور ڈاکٹر محمد جاوید نے اپنے زیرنگرانی کلیہ ڈگریاں مکمل کرنے والے گریجوایٹس کوگورنر کے سامنے ڈگریاں عطا کرنے کیلئے پیش کیا۔