اس سلسلے میں اینگرو فرٹیلائزر اور یونیورسٹی کے مابین ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب سنڈیکیٹ روم میں منعقد کی گئی۔ جس کی صدارت پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف تنویر نے کی جبکہ ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر ظہیر احمد ظہیر، ڈین کلیہ زراعت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اختر، ہال وارڈن پروفیسر ڈاکٹر محمد یٰسین، ڈائریکٹر ایکسٹرنل لیکنجز پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد چٹھہ، ڈائریکٹر فارمز ڈاکٹر محمد طاہر، مینیجر اکیڈیمک انڈسٹری لیکنجز ڈاکٹر خرم ضیاء اور اینگرو کے چیف کمرشل آفیسر عامر اقبال نے اینگرو فرٹیلائزر کے صدر نادر سالار قریشی کی نمائندگی کرتے ہوئے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی مین کیمپس پر مجوزہ اینگرو لرننگ اینڈ کوچنگ سنٹر اور ماڈل فارم 12۔ایکڑ پر مشتمل ہو گا جس میں جدید ترین ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے تربیتی پروگرام کا آغاز ہو گا۔ اس میں نہ صرف نئی ٹیکنالوجی کی نمائش کا اہتمام ہو گا بلکہ بیج کی تیاری سے لے کر فصلوں کی برداشت تک جملہ مراحل میں نئی رحجانات اور پریسیئن ایگریکلچر کے حوالے سے طلباو طالبات و کسانوں کی عملی تربیت کا اہتمام کیا جائے گا۔ پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف تنویر نے کہا کہ دنیا بھر میں جامعات تحقیق و ترقی کے حوالے سے انڈسٹری کے ساتھ مل کر نئی اختراعات اور نئے رحجانات کو متعارف کرانے کے لئے عملی کاوشیں بروئے کار لاتی ہیں یہی وجہ ہے کہ یونیورسٹی کے آفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن میں ملک کے بڑے انڈسٹریل گروپ کے ساتھ مل کر اس منصوبے کا آغاز کرنے کا پروگرام بنایا ہے جسے جلد عملی جامہ پہنایا جائے گا۔ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کے بعد دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا۔