ورلڈ انجینئرنگ ڈے کے حوالے سے تقریبات کا افتتاح وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کیا جبکہ اس موقع پر ڈین انجینئر نگ ڈاکٹر محمد ارشاد، ڈاکٹر ناصر اعوان، ڈاکٹر محمد اعظم،ڈاکٹر عبدالغفور،ڈاکٹر عثمان فرید سمیت دیگر فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ دور حاضر میں بدلتے ہوئے حالات کے تناظر میں طلبہ کی اختراعی سوچ کو پروان چڑھانا ناگزیر ہے تاکہ نئی سوچ کی حامل افرادی قوت ملک کی ترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کر سکے۔انہوں نے کہا کہ اختراعی سوچ ترقی یافتہ قوموں کی زندگی میں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی تمام تر توانائیاں جدید علم کے حصول کیلئے وقف کر دیں جوکہ ان کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھیں گا۔زرعی یونیورسٹی طلبہ کی استعداد کار کو بڑھانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔ڈاکٹر محمد ارشاد نے کہا کہ اس نمائش کا مقصد طلبہ کی خداداد صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے پلیٹ فارم مہیاکرنا ہے جوکہ انہیں مستقبل کے چینلجز کا سامنا کرنے کیلئے معاون ثابت ہوگا۔نمائش میں طلبہ کی جانب سے بیس سے زائد پراجیکٹس کے سٹالز لگائے گئے تھے۔پراجیکٹس مقابلہ جات میں پہلی پوزیشن محمد سلمان، عامر رضا، طحٰہ بن قیصر،طلحہ افتخار اور سیرت علی نے حاصل کی۔