اس حوالے سے یونیورسٹی کے نیو سنڈیکیٹ روم میں معاہدے پر دستخط کی تقریب میںیونیورسٹی کی طرف سے ڈین کلیہ اُمور حیوانات پروفیسرڈاکٹر سجادخان جبکہ فرسٹ مائیکروفنانس بینک کے بزنس ہیڈ وجاہت ملک نے چیف مینیجر سٹیٹ بینک آف پاکستان فیصل آباد ڈویژن وقاص باجوہ‘ رجسٹرار چوہدری محمد حسین‘ ڈائریکٹر فنانشل اسسٹنٹس ڈاکٹر منظور احمد‘ ڈائریکٹر بیرونی روابط ڈاکٹر رشید احمد‘ ڈین کلیہ زراعت ڈاکٹر آصف تنویر‘ ڈین کلیہ فوڈ نیوٹریشن و ہوم سائنس ڈاکٹر مسعود صادق بٹ‘ ڈین سائنسز ڈاکٹر اصغر باجوہ ‘ریجنل ہیڈفرسٹ مائیکروفنانس بینک مسٹر عثمان مسعود بھٹہ‘ ایریا مینیجر مجتبیٰ اعجاز‘ ایریا آپریشن مینیجر حفیظ احمد جاوید اور ڈائریکٹوریٹ آف فنانشل اسسٹنس مسٹر قمر الزمان کی موجود گی میں دستخط کئے۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے چیف مینیجر سٹیٹ بینک وقاص باجوہ نے بتایا کہ چند ماہ قبل یونیورسٹی آمد پر طلبہ کی طرف سے پیش کئے جانیوالے مطالبہ کی روشنی میں ان کیلئے یہ منفرد پروگرام ترتیب دیا گیا ہے جس میں طلباءو طالبات اعلیٰ تعلیم میں معاونت کیلئے مطلوبہ رقم قرض کی صورت میں بینک سے حاصل کر سکیں گے اور اس کی واپسی انتہائی آسان اقساط ڈگری کے اختتام تک یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ پروگرام سے مستفید ہونیوالے طلبہ میں دوسرے لوگوں کے مقابلہ میں احساس ذمہ داری اور فنانشل مینجمنٹ کی صلاحیت زیادہ پیدا ہوگی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ اس ماڈل پروگرام میں کامیابی کے بعد دوسرے بینک بھی سٹوڈنٹ فنانس میں طلبہ کیلئے پرکشش پروگرام متعارف کروائیں گے جس سے ایک صحت مند مسابقت کی فضاءپیدا ہوگی جو بالآخرہمارے مقصدمیں معاون ثابت ہوگی۔ڈائریکٹر فنانشل اسسٹنٹس پروفیسرڈاکٹر منظور احمد چوہدری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی کی سطح پر اس پروگرام کی بھرپور تشہیر کی جائے گی اور نئے داخل ہونیوالے طلبہ کی تعارفی تقریب میں بھی اس کا مکمل تعارف کروایا جائےگا
انہوں نے کہا کہ ان کا دفترضرورت اور میرٹ کی بنیاد پر طلبہ کیلئے سکالرشپس کے ساتھ ساتھ فیس کی آسان اقساط میں ادائیگی اور دوسری سہولیات فراہم کرتا ہے ۔فرسٹ مائیکروفنانس بینک کے بزنس ہیڈوجاہت ملک نے کہا کہ پاکستان میں کوئی بھی دوسرا بینک سٹوڈنٹ فنانس کا پروگرام نہیں رکھتا تاہم اس حوالے سے طلبہ میں شعور اجاگر ہونے کے ساتھ ساتھ انہیں پروگرام کو مزید بہتربنانے کی تجاویزکا انتظار رہے گا
انہوں نے بتایا کہ ضلع کی تین جامعات کے ساتھ بھی ایسے ہی پروگرام پر پیش رفت ہورہی ہے ۔ یونیورسٹی کے رجسٹرار چوہدری محمد حسین نے بتایا کہ یونیورسٹی میں مشکل معاشی حالات کو کسی بھی باصلاحیت نوجوان کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیا جا رہا اور یونیورسٹی اپنے وسائل اور فنڈنگ ایجنسیوں کے تعاون سے سالانہ کروڑوں روپے کی سٹوڈنٹ فنانشل اسسٹنٹس کرتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی ملکی اور بین الاقوامی درجہ بندی میں نمایاں مقام پر فائز ہے جو تمام کوالٹی میرامیٹرز میں دوسری جامعات پر کئی حوالوں سے سبقت رکھتی ہے