کیمپس سے ملحقہ ساڑھے تین مربع اراضی یونیورسٹی سب کیمپس کو منتقل کرنے کیلئے ضروری کارروائی جلد از جلد مکمل کر لی جائیگی جبکہ ایک کلو میٹر کے فاصلے پر دستیاب چھ مربع سرکاری اراضی کے تحقیقی استعمال کیلئے ریونیو بورڈ کو سمری بھجوائی جائیگی‘
ڈپٹی کمشنر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا نے کہا ہے کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ سب کیمپس کو ایک سال کے اندر اندر مکمل یونیورسٹی کا درجہ دینے کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جس سے اس علاقہ کی عوام کو زرعی ، پولٹری ، باغات ‘ لائیوسٹاک اور دیگر شعبہ جات میں ان کی دہلیز پر اعلیٰ تعلیم و تحقیق کی سہولیات میسر آ سکیں گی۔
ان باتوں کا اظہار انہوں نے کیمپس کے زیراہمتام ”گرین کیمپس فار گرین پاکستان“ کے موضوع پر منعقدتقریب سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب کے دوران کیا
انہوں نے کہا کہ نیتوں کو ٹھیک کرلیا جائے تو معاشرے میں اچھائیاں خود بخود پیدا ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹوبہ کیمپس میں خوشگوار تبدیلیاں دیکھ کر آج انہیں یہاں لیڈرشپ نظرآ رہی ہے
انہوں نے کہا کہ ٹوبہ کیمپس کی نامکمل سڑکوں کو بہت جلد مکمل کروایا جائےگااور سب کیمپس کی ٹرانسپورٹک کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے فوری طور پر بسیں مین کیمپس سے روانہ کر دی جائیں گی جبکہ طبی سہولیات کے لئے ماہر ڈاکٹر کی تعیناتی کا عمل بہت جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے پرنسپل ڈاکٹرمحمد قمر بلال کی کوششوں کو خصوصی طو رپر سراہتے ہوئے ان کورول ماڈل قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جنوری سے آج تک کسی بھی تقریب کیلئے ایک روپے کا مطالبہ بھی نہیں کیا۔ڈپٹی کمشنر احمد خاور شہزاد نے کہا کہ کیمپس سے ملحقہ ساڑھے تین مربع اراضی یونیورسٹی سب کیمپس کو منتقل کرنے کے لئے ضروری کارروائی جلد از جلد مکمل کر لی جائیگی جبکہ ایک کلو میٹر کے فاصلے پر دستیاب چھ مربع سرکاری اراضی تحقیقی مقاصد کے لئے مختص کرنے کے لئے ریونیو بورڈ کو سمری بھجوائی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم ٹوبہ ٹیک سنگھ سے وابستہ کمیونٹی اور مقامی مخیر حضرات کے تعاون سے سب کیمپس میں پارکنگ اور دیگر تمدنی سہولیات کی فراہمی کے لئے وسائل فراہم کیے جائیں گے،
انہوں نے مزید کہا کہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ضلعی انتظامیہ اور مقامی اداروں کی باہمی کوششوں سے 42 سیکنڈ میں 16 ہزار پودے لگا کر قومی ریکارڈ قائم کیا گیا ہے جبکہ سب کیمپس کو مزید سر سبز بنانے کے لئے ضلع انتظامیہ 10 ہزار درخت لگائے گی
سب کیمپس کے پرنسپل ڈاکٹرمحمد قمر بلال نے کہا کہ ان کی بطور پرنسپل تعیناتی سے آج تک کیمپس کی ترقی اور آﺅٹ لک کو پرکشش بنانے کیلئے بہت سے اقدامات کئے گئے ہیںاور اس ضمن میں 13مختلف میگا ایونٹ منعقد کئے گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ مین گیٹ کی خوبصورتی ‘ کوٹیشن بورڈز‘ ویٹنگ ایریاکی سہولت اور آر او پلانٹ سمیت تمام کام مکمل کروانے میں کمیونٹی اور انڈسٹری کا تعاون انہیں حاصل رہا ہے وگرنہ مذکورہ تمام کاموں کیلئے لاکھوں روپے درکارتھے
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ کیمپس کی ترقی کیلئے تحسین و ترغیب کا فلسفہ اپنایا گیا ہے جس کو مہمان خصوصی نے بھی خصوصی طور پر سراہا۔انہوں نے بتایا کہ کیمپس کی لینڈ سکیپنگ اور خوبصورتی کے لئے اساتذہ اور طلبا و طالبات کے ساتھ ساتھ عملہ کے افراد مل کر کاوشیں بروئے کار لا رہے ہیں
جس سے یہ کیمپس بتدریج جاذب نظر ہو رہا ہے۔انہوں نے کیمپس کیلئے آر او پلانٹ کی تنصیب میں معاونت پر چوہدری محمد اشفاق اورچوہدری سعید احمد سعیدی ایم پی اے کا خصوصی طو رپرشکریہ ادا کیا۔ ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت چوہدری محمد اشفاق نے کہا کہ ٹوبہ میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا سب کیمپس ان کی کوششوں سے قائم کیا گیا جسے یونیورسٹی کا درجہ دلوانا ان کی اولین ترجیح ہے
انہوں نے کہا کہ کیمپس پر پینے کے پانی کی وافر مقدار میں فراہمی کے لئے آر او پلانٹ آئندہ ماہ تک کام شروع کر دے گا جبکہ فرنیچر کی کمی کو پورا کرنے کے لئے چناب گروپ فوری طور پر 50 کرسیاں فراہم کرے گا۔
رکن صوبائی اسمبلی سعید احمد سعیدی نے کہا کہ سب کیمپس میں لیبارٹری سکول کے علاوہ کمیونٹی کالج کا قیام ان کی ترجیحات میں شامل ہے جس سے مقامی لوگوں کو بہترین تعلیمی سہولتیں میسر آ سکیں گی تقریب میں ڈی پی اوذوالفقار احمد ، چیئر مین پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن ڈاکٹر ارشد حنیف ، اسجد بھولا اور دیگر معززین علاقہ ، اساتذہ و طلبہ و طالبات نے بھی شرکت کی۔ علاقہ کی سیاسی شخصیات اور ضلعی انتظامیہ نے بھی پرنسپل کی کوششوں کی تعریف کی۔
آخر میں گرین لینڈ فار گرین پاکستان پروگرام کے تحت منعقد ہونیوالے مقابلوں میں پوزیشن ہولڈرزمیں سرٹیفکیٹ اور ٹرافیاں بھی تقسیم کی گئیں۔