سال 2018-19ءکیلئے اکیڈمک پرفارمنس کی بنیاد پر کی جانیوالی ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ میں زرعی یونیورسٹی کو بی پلس پلس کیٹیگری میں شامل کرتے ہوئے آرٹیکل‘ سائی ٹیشن‘ ٹوٹل ڈاکومنٹ‘ آرٹیکل امپیکٹ ٹوٹل ‘ سائی ٹیشن امپیکٹ ٹوٹل اور کولیبریشن کے کوالٹی انڈیکیٹرز میں 211.51سکورکے ساتھ اس پوزیشن کا حقدار قرار دیا گیا ہے۔ ترکی کی غیرسرکاری تنظیم یو آراے پی کی طرف سے جاری کئے جانیوالے اعداد و شمار کے مطابق یونیورسٹی کو دنیا کی 2500نامور جامعات میں سے پہلی ہزار یونیورسٹیوں میں شمار کرتے ہوئے 986ویں جبکہ ایشیاءکی 955جامعات میں اسے 277ویں پوزیشن کی حامل دانش گاہ قرار دیاگیا ہے۔قبل ازیں کیوایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ میں ایگریکلچرو فارسٹری سبجیکٹ کیٹیگری میں اسے دنیا کی 85ویں بہترین جامعہ قرار دیا جا چکا ہے جبکہ شنگھائی گلوبل رینکنگ آف اکیڈمک سبجیکٹ کیلئے یونیورسٹی کو دنیا کی 500جامعات میں سے 130ویں بہترین یونیورسٹی قرار دینے کے ساتھ ساتھ ٹائمز ہائر ایجوکیشن ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ 2019ءکیلئے ایگریکلچر و فارسٹری میں جامعہ زرعیہ فیصل آباد کو دنیا کی 1250ممتاز جامعات میں سے 805ویں پوزیشن کی حقدار قرار دیا جا چکا ہے۔
نیشنل تائیوان یونیورسٹی رینکنگ کی درجہ بندی میں زرعی یونیورسٹی کو سال 2018ءکیلئے ایگریکلچرسائنسز میں دنیا کی 73ویں بہترین جامعہ کا اعزاز بھی حاصل ہوچکا ہے۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا نے حالیہ رینکنگ کو ایک بڑی کامیابی سے تعبیر کرتے ہوئے اساتذہ‘ انتظامی سٹاف‘ طلباءو طالبات کومبارکباد پیش کی ہے۔