تاکہ وہ خود کو پیشہ وارانہ علم میں ہونیوالے اضافے اور جدید رجحانات سے مہمیز کر سکیں۔ یونیورسٹی کے کیس آڈیٹوریم میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پبلک فنانس اکاؤنٹنٹس (پپفا)کے ساتویں جلسہ تقسیم انعامات سے مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد اشرف نے کہا کہ فنانشل مینجمنٹ چنداں آسان اور غیراہم شعبہ نہیں ہے اور باصلاحیت فنانشل مینیجرز قومی و بین الاقوامی سطح پر انتہائی پرکشش مشاہرہ اور اہم ترین کردار کے حامل ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے پلیٹ فارم سے انہیں وفاقی و صوبائی سطح پر اپنے پراجیکٹس کیلئے حکومت کی فنانشل ٹیم سے ملاقات کا موقع ملتا رہتا ہے جو معاملات کا انتہائی باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد پلاننگ کمیشن میں زیرغور لانے کی منظوری دیتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مستعد اور باصلاحیت فنانشل ٹیم کسی بھی ادار ے میں شفافیت‘ میرٹ اور بہتر فنانشل مینجمنٹ کے ذریعے بدعنوانی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے لہٰذا وہ چاہیں گے کہ گریجوایٹ ہونیوالے تمام نوجوان ایک طرف ہر دو سال بعد اپنے علم کو ریفریش کرنے کیلئے مادرِ علمی یا کسی بھی ایڈوانس ادارے کا رخ کریں تو دوسری جانب اپنے اداروں میں مثالی اور تعمیری کردار سے معاملات کو شفافیت اور بہتری کی جانب لانے کی راہ ہموار کریں۔ انہوں نے گریجوایٹ ہونیوالے نوجوانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کے بعد ان کی زندگی میں ایک نئے باب کا اضافہ ہونے جا رہاہے جس میں مختلف صورتحال میں انہیں اپنی صلاحیتوں کا بہترین استعمال کرنا ہے لہٰذا خو د کو کبھی بھی سیکھنے اور پیشہ وارانہ اُمور کی مہارت بڑھانے میں سستی کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہئے۔
انہوں نے بتایا کہ زرعی ملک ہوتے ہوئے پاکستان کی تمام معاشی سرگرمیوں میں زراعت اہم کردار ادا کر رہی ہے اور ملک کو ترقی و خوشحالی سے ہمکنار کرنے کیلئے زراعت میں سرمایہ کاری اور چھوٹے زرعی رقبوں کو منافع بخش یونٹس بنانے کیلئے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پبلک فنانس اکاؤنٹنٹس کے صدر محمد علی لطیف نے گریجوایٹ ہونے والے معاشی ماہرین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ وہ اپنے پیشہ وارانہ میدان میں اپنی صلاحیتوں سے اپنے ساتھ ساتھ ادارے کیلئے بھی نیک نامی کمائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پپفا کے سینکڑوں گریجوایٹس ملک کے مختلف اداروں میں مالیاتی اُمور کو مثالی انداز میں آگے بڑھارہے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ وہ کم سے کم دو سال بعد اپنے شعبہ میں سامنے آنیوالے نئے رجحانات اور علم سے خود کو منور کریں۔
تقریب سے نائب صدر پپفا عثمان احسن‘ ایڈیشنل ڈائریکٹر پپفا مسٹر نعیم اختر‘محمد عبدالسلام‘ عمر سعید قادری‘ احمد جبار‘ مس کنول اور محمد علی نے بھی خطاب کیا۔تقریب میں گریجوایٹ ہونے والے 50کے لگ بھگ نوجوانوں میں ڈگریاں اور سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے گئے۔