زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے شعبہ ایگرانومی کے چیئرمین ڈاکٹر آصف تنویر‘ پروفیسرڈاکٹر شہزادمقصود بسرا اور ڈاکٹرعرفان افضل پر مشتمل ٹیم غیرمعمولی تحقیق پیش رفت کے بعد سپرفوڈپرمشتمل اس قومی ورائٹی کو سامنے لانے میں کامیاب ہوئے جسے پنجاب سیڈ کونسل کے حالیہ اجلاس میں منظور کیا گیا۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور چین کی شن ڈونگ نارمل یونیورسٹی جنان کے مابین دونوں جامعات میں قنوا بریڈنگ سینٹر کے قیام پر اتفاق کیا گیا۔ اس حوالے سے دونوں اداروں کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب وائس چانسلرآفس کے میٹنگ روم میں منعقد ہوئی جس میں یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرمحمد اشرف (ہلال امتیاز) اور چینی یونیورسٹی کے وائس پریزیڈنٹ ڈاکٹر ہوان بن وانگ نے ڈین کلیہ زراعت ڈاکٹر محمد اسلم خاں‘ ڈائریکٹر بیرونی روابط ڈاکٹر رشید احمد‘ ڈاکٹر شہزاد مقصود بسرا‘ ڈاکٹرعرفان افضل کی موجودگی میں دستخط کئے۔ اس موقع پرچینی وفد سے بات چیت میں ڈاکٹر محمد اشرف نے کہا کہ قنوا بین الاقوامی سطح پر پسند کی جانیوالی ایسی سپرفوڈ ہے جوبڑے ہوٹلز اور ریستورانوں میں استعمال کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ گلوٹن فری‘ ہائی پروٹین‘ فائبر‘ وٹامن بی‘ آئرن‘ پوٹاشیم‘ فاسفورس‘ وٹامن ای اور لاتعداد اینٹی آکسیڈینٹس پر مشتمل سپرفوڈ کی پنجاب سیڈ کونسل سے منظوری کے بعد پورے صوبے میں اس کی کاشت کو فروغ ملے گا جس کے نتیجہ میں کاشتکاروں کی فی ایکڑ آمدنی بڑھانے کی راہ ہموار ہوگی۔معاہدے کے مطابق دونوں ادارے اپنے ممالک میں موجود قنوا کے جینیاتی مواد کی کاشت اور موافقت کیلئے تجربات کے ساتھ ساتھ اساتذہ اور طلبہ کے باہمی تبادلے بھی کر سکیں گے۔ علاوہ ازیں دونوں ادارے قنوا کے حوالے سے موجود سائنسی مواد کا بھی ایک دوسرے سے تبادلہ کر سکیں گے۔