یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر محمد اشرف (ہلال امتیاز) نے اسٹیٹ مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں گارڈننگ ونگ کے زیراہتمام کلیہ اُمور حیوانات و کلیہ ویٹرنری سائنس کے گرین بیلٹس میں مون سون کی شجرکاری مہم میں پودا لگانے کے بعد پرنسپل آفیسرڈاکٹر قمر بلال اور انچارج گارڈننگ ونگ ڈاکٹر عدنان یونس کو ہدایت کی کہ امسال ماضی کی روایات کو مزید توانائیوں سے آگے بڑھائیں اور گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ پودے لگائیں تاکہ یونیورسٹی کو وزیراعظم پاکستان کے بلین ٹری سونامی میں نمایاں حصہ ڈالنے والے بڑے ادارے کے طور پر شامل کروایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو موسمیاتی تبدیلی کی تباہ کاریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے شجرکاری ایک اہم سنگ میل ہے جس میں ہر ایک کو اپنا حصہ ڈالنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے 30ہزار طلبہ کے ساتھ مجموعی طور پر 50ہزار نفوس پر مشتمل کیمپس کمیونٹی اگر ہر سال فی کس دو پودے لگائے تو سال میں ایک لاکھ پودے لگائے جا سکیں گے لہٰذا ان کی کوشش ہوگی کہ نئے تعلیمی سیشن سے کیمپس کمیونٹی کے ہر فرد کو کم سے کم دو پودے لگانے کا راستہ دکھایا جائے تاکہ مقررہ اہداف کو کامیابی سے حاصل کر لیا جائے۔اس موقع پر پرنسپل آفیسراسٹیٹ مینجمنٹ ڈاکٹر قمر بلال نے بتایا کہ ان کی ٹیم نے گزشتہ سال لگائے گئے پودوں کا مکمل ڈیٹابیس ترتیب دے رکھا ہے اور لگائے جانیوالے تمام پودوں کی 100فیصد نشوونما یقینی بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں جاری شجرکاری مہم میں تمام پودے یونیورسٹی کی نرسری میں پروان چڑھائے گئے ہیں اور اس قومی مہم میں ایک بھی پودا مارکیٹ سے نہیں خریدا گیا۔ اس موقع پر ڈین کلیہ ویٹرنری سائنس ڈاکٹر ظفر اقبال قریشی‘ ڈین کلیہ اُمور حیوانات ڈاکٹر محمد اسلم مرزا دونوں کلیہ جات کے تدریسی اراکین بھی تقریب میں موجود تھے۔