جو اس دانش گاہ پر نوجوانوں کے بڑھتے ہوئے اعتماد اور معتبر ساکھ کا ثبوت ہے۔ یونیورسٹی کے کنونیئرایڈمشن کمیٹی پروفیسرڈاکٹر شہباز طالب ساہی کے مطابق گزشتہ سال انڈرگریجوایٹ ڈگری پروگرامز میں داخلہ کیلئے 13790اُمیدواروں کے مقابلہ میں امسال ساڑھے بائیس ہزار اُمیدواروں نے آن لائن فارم جمع کروائے ہیں جبکہ پوسٹ گریجوایٹ ڈگری پروگرامز میں داخلہ کیلئے 17ہزار سے زائد اُمیدوار انٹری ٹیسٹ میں شامل ہوئے۔ اس حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر محمد اشرف (ہلال امتیاز) نے بتایا کہ یونیورسٹی کی عالمی درجہ بندی میں مزید بہتری کیلئے حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے اور وہ توقع رکھتے ہیں کہ کوالٹی پیرامیٹرز میں نمایاں پیش رفت کے نتیجہ میں عالمی سطح پر تمام معتبر رینکنگ سسٹم ہماری درجہ بندی میں خاطر خواہ اضافہ کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کی طرف سے اعلیٰ تعلیم کیلئے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کو پہلی ترجیح قرار دینا ہمارے ڈگری پروگرامز کی وسعت اور معیار تعلیم سمیت تعلیم و تحقیق کی مثالی سہولیات کا واضح ثبوت ہے۔انہوں نے بتایا کہ وسط مارچ میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ملک بھر کے تعلیمی اداروں کی بندش کے فوری بعد یونیورسٹی نے ملک کی 210سے زائد جامعات میں سب سے پہلے اپنا سسٹم آن لائن پر منتقل کرتے ہوئے ہزاروں طلبہ کا وقت اور سرمایہ بچایا۔ ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کے جملہ اُمور کو جلد ہی ای گورننس پر منتقل کر دیا جائے گا جس سے تمام اُمور میں شفافیت اور میرٹ پروان چڑھانے میں مد د ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے تعاون سے یونیورسٹی میں ڈیجیٹل لائبریری‘ سٹوڈنٹ سروس سنٹر اور آئی سی ٹی بلاک کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد اس کی تزین و آرائش کا کام بھی تیزی سے جاری ہے اور وہ توقع رکھتے ہیں کہ جلد ہی انہیں الاٹی دفاتر اور شعبہ جات کے سپردکر دیا جائے گا۔اس موقع پر کنونیئر ایڈمشن کمیٹی ڈاکٹر شہباز طالب ساہی نے بتایا کہ انڈرگریجوایٹ ڈگری پروگرامز کی پہلی میرٹ لسٹ جاری کر دی گئی ہے اور کامیاب طلبہ اپنی انرول منٹ مکمل کروا رہے ہیں اور جلد ہی دوسری میرٹ لسٹ بھی جاری کر دی جائے گی۔