جبکہ انڈرگریجوایٹ ڈگری پروگرامز کے نئے اور زیرتعلیم طلبہ کے ساتھ ساتھ پوسٹ گریجوایٹ سطح کے نئے طلبہ کو بھی فی الحال آن لائن ایجوکیشن کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر آصف تنویر نے کہا ہے کہ کلاس رومز اور تحقیقاتی لیبارٹریز میں حکومتی ہدایات و ایس او پیزکے مطابق سماجی فاصلہ اور ماسک کا استعمال یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہاسٹلزاور کھانے پینے کے مقامات پر بھی اس امر کو یقینی بنایا جائے گا کہ تمام لوگ ماسک کے استعمال کے ساتھ ساتھ سماجی فاصلے کا بھی بطور خاص خیال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال میں بہتری کے ساتھ ہی پوسٹ گریجوایٹ پروگرامز کے نئے طلبہ اور انڈرگریجوایٹ سطح کے زیرتعلیم طلبہ کیلئے بھی جامعہ کے دروازے کھول دیئے جائیں گے اور مزید بہتری آتے ہی نئے طلبہ کو بھی یونیورسٹی آنے کی اجازت دی جائے گی۔ناظم اُمور طلبہ پروفیسرڈاکٹر شہباز طالب ساہی کی طرف سے یونیورسٹی آنے والے تمام طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ چہرے پر حفاظتی ماسک پہننے کے ساتھ ساتھ سماجی فاصلے کو بھی یقینی بنائیں اور ایک دوسرے سے ہاتھ اور گلے ملنے سے ہر ممکن گریز کریں۔
گورنر پنجاب و چانسلر جامعہ زرعیہ فیصل آباد نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے شعبہ آبپاشی و نکاسی آب کے چیئرمین اور ڈائریکٹر واٹر مینجمنٹ ریسرچ سنٹر پروفیسرڈاکٹر محمد ارشاد کوکلیہ زرعی انجینئرنگ و صنعتیات کا ڈین مقرر کیا ہے۔ پروفیسرڈاکٹر محمد ارشاد کلیہ کے سینئر ترین پروفیسرہیں اور واٹر مینجمنٹ کے شعبہ میں ہائی ایفی شنسی واٹر مینجمنٹ کے ساتھ ساتھ پانی کی بچت آبپاشی کے قابل عمل اور منافع بخش ماڈل متعارف کروا چکے ہیں۔ڈاکٹر محمد ارشاد گزشتہ کئی برسوں سے واٹر انجینئرنگ اور خصوصاً کھیلیوں میں مکئی‘ گاجر‘ کپاس اور گندم کی کاشت کو رواج دے کر کسان کی پیداواری لاگت میں کمی کیلئے میدان عمل میں ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے انجینئراحمد وقاص کے ساتھ ٹڈی دل کے موثر تدارک کیلئے تھری ان ون سپرے مشین بھی متعارف کروائی جسے پورے ملک میں خصوصی پذیرائی حاصل ہوئی جبکہ وہ کم رقبے میں گاجر اور مکئی کی زیادہ اور بہترکوالٹی کی پیداوار کیلئے بھی یونیورسٹی کی آؤٹ ریچ سرگرمیوں کے روح رواں ہیں۔ ان کے تحققاتی مقالہ جات قومی و بین الاقوامی سائنسی جرائد کی زینت بننے کے ساتھ ساتھ متعدد پی ایچ ڈی سکالرز نے بھی ان کی زیرنگرانی اپنی ڈاکٹریٹ کی ڈگری مکمل کی ہے۔