جس کے تحت نوجوانوں کو تمام کھیلوں میں حصہ لینے کے لئے پرکشش مراعات دی جائیں گی۔ ان باتوں کا اظہار زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف تنویر نے یونیورسٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے باہمی اشتراک سے دو روزہ آل پاکستان انٹرورسٹی چیمپئن شپ 2021ء کے افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل اپنی جسمانی صحت کو بین الاقوامی معیار پر لانے کے لئے سپورٹس سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہوئے کامیابیوں کی طرف رواں دواں رہ سکتی ہے اس لئے یونیورسٹی کے نظامت سپورٹس نے اس ایونٹ کا اہتمام کیا ہے تاکہ مختلف یونیورسٹیوں کے مابین مقابلہ جاتی فضا پیدا کی جا سکے۔ ان سے پہلے یونیورسٹی کے چیئرمین سپورٹس بورڈ ڈاکٹر فاروق احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فٹ بال کے مقابلوں میں چھ مختلف یونیورسٹیاں جن میں زرعی یونیورسٹی کے علاوہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، خواجہ فرید یونیورسٹی رحیم یار خان، ایم این ایس یونیورسٹی آف ایگریکلچر ملتان، جی سی یونیورسٹی فیصل آباد اور سپیریئر یونیورسٹی لاہور شامل ہیں۔ اس بین الجامعاتی ایونٹ کے دوران ہینڈ بال کے مقابلہ جات بھی منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کھیلوں کے حوالے سے درخشندہ روایات کی حامل جامعہ ہے جسے ایک بار پھر عروج پر لانے کیلئے مربوط حکمت عملی ترتیب دی جا رہی ہے تاکہ یہاں سے ملکی سطح کے لئے کھلاڑی پیدا کئے جا سکیں۔ تقریب میں مختلف فیکلٹی ممبرز اور کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ ٹورنامنٹ کے دوران مختلف کمیٹیوں اور منتظمین میں سے ڈاکٹر ہارون زمان، ڈاکٹر محمد اشفاق ملہی، ڈاکٹر اعجاز اشرف، ڈاکٹر اظہار احمد، ڈاکٹر عبدالغفور، اسسٹنٹ ڈائریکٹر عاشق رسول و فاروق اقبال، ڈاکٹر عرفان افضل و دیگر شریک ہوئے۔