یو اے ایف“ مادرِ علمی سے محبت کے ماڈل کا افتتاح کرتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا نے کہا کہ مغرب کے مقابلہ میں ہمارا مذہب جس خوبصورت انداز میں خواتین کی عزت و احترام اور ان کے حقوق کو یقینی بناتا ہے وہ اس امر کا متقاضی ہے کہ ہم اپنی عفت مآب بہنوںکو معاشرے میں آگے بڑھنے کیلئے تعلیمی اداروں میں اس طرح کا خوشگوار ماحول فراہم کریں جس کے ذریعے وہ اپنی تمام صلاحیتیں مکمل آزادی کے ساتھ بروئے کار لاتے ہوئے معاشرے کوآگے بڑھاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی معاشرہ ہونے کے باوجود بیٹیاں ترستی ہیں کہ ان کے سر پر ہاتھ رکھنے والے بھائی ہمیشہ اپنی محبتوں کا اظہار کرتے رہیں اور سسٹرز ڈے منانے کامقصد بھی یہی ہے کہ معاشرے میں بیٹیوں اور بہنوں کو عزت دی جائے اور ان کیلئے آگے بڑھ کر معاشرے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کی راہ ہموار کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ یونیورسٹی کے تمام حاضر و سابق طلبہ کے دلوں میں اپنی مادرِ علمی سے والہانہ محبت کا دیا جلائے رکھنے کیلئے پرعزم ہیںاور چاہتے ہیں کہ یونیورسٹی طلبہ فارغ التحصیل ہونے کے بعد اس کے بہترین اور متحرک سفیر کا کردار ادا کریں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ یونیورسٹی کی خوبصورتی میں اضافہ کیلئے کیمپس کمیونٹی کی تجاویز کا خیر مقدم کریں گے اور یو روڈ پر ماڈل فارمنگ کے ذریعے یہاں آنیوالوں کیلئے سیکھنے کے نئے مواقع پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں فینسی برڈزکے جوڑے چھوڑے جائیں گے تاکہ ان کی افزائش نسل سے کیمپس کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کیا جا سکے۔ افتتاحی تقریب میں پرنسپل آفیسراسٹیٹ مینجمنٹ و انجینئرنگ و کنسٹرکشن ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر لیئق اکبر لودھی‘ انچارج یونیورسٹی بکس و میگزینز ڈاکٹر شہزاد مقصود بسرا‘ کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر عبدالواحد‘ ڈائریکٹر گریجوایٹ سٹڈیز ڈاکٹر عبدالخالق اور سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر اطہر جاوید خان بھی موجود تھے ۔