یونیورسٹی کی مرکزی لائبریری میں سجائے گئے کتاب میلے میں شہر بھر سے ہزاروں طلباءو طالبات اور تعلیم و کتاب دوست افراد شرکت کرکے اپنی پسندیدہ کتب کی خریداری کر رہے ہیں۔ میلے میں شعر و شاعری‘ تاریخ‘ فلسفہ‘ کامیاب اور بڑے لوگوں کی سوانح عمری‘ سفر نامے‘ ڈرامے‘ افسانے‘ زراعت و معیشت‘ لائیوسٹاک‘ بزنس اور کامیاب لوگوں کے دلچسپ واقعات پر مبنی کتب رعایتی نرخوں پر دستیاب ہیں۔ یونیورسٹی کے لائبریرین محمد عمر فاروق کے مطابق کتاب میلہ میں طلباءوطالبات اور اساتذہ کیلئے کتابوں کی خریداری پر خصوصی رعایت دی جا رہی ہے۔
زرعی یونیورسٹی فیصل آباد گرین و کلین پاکستان پروگرام میں پلانٹ فار پاکستان اور حکومت پنجاب کے پلانٹ فار پنجاب مہم میں گزشتہ چند مہینوں کے دوران لاکھوں درخت لگائے جا چکے ہیں جبکہ 30ہزار سے زائد کمیونٹی اس میں اضافہ کیلئے پرعزم ہے۔ یونیورسٹی کے شعبہ فارسٹری و وائلڈ لائف کے زیراہتمام موسم بہارکی شجرکاری مہم میں نوجوان طلباءوطالبات ‘ اساتذہ کی موجود گی میں یونیورسٹی کے وائس چانسلرڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا نے حصہ لیا۔اس موقع پر نوجوان طلبہ سے اظہار خیا ل کرتے ہوئے وائس چانسلرڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا نے ان پر زور دیا کہ محنت کریں اور یونیورسٹی سے ڈگری کے ساتھ ساتھ اپنے پیشہ وارانہ اُمور میں مہارت اور تجربہ حاصل کریں تاکہ عملی زندگی میں ان کیلئے کامیابیوں کے راستے ہموار ہوسکیں۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے زرعی گریجوایٹس کو زراعت کی عمومی معلومات اورکاشتکاری کے ہنرسے مہمیز ہونا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہرچند دنیا کی آبادی سات ارب سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ کرہ ارض پر تین ہزار ارب درخت موجود ہیں تاہم وہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان میں آبادی کے مقابلے میں درختوں کی فی کس تعداد دنیا کے دوسرے ممالک کے مقابلے میں کم ہے جس میں اضافہ کیلئے ہر شہری کونہ صرف اپنے بلکہ اپنے وفات پاجانے والے بزرگوں اور دوستوں کے نام پر بھی درخت لگانے چاہئیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ حکومت کی طرف سے آئندہ برسوں کے دوران 10ارب درخت لگانے سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور موسمیاتی تبدیلیوںکے چیلنجز سے نبردآزما ہونے میں مدد ملے گی بلکہ بیماریوں کے دباﺅ بھی واضح طور پر کم ہونگے۔ شعبہ جنگلات و اُمور چراہ گاہ کے چیئرمین ڈاکٹر طاہر صدیقی نے شجرکاری کی اہمیت و افادیت میں حدیث نبوی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ آنحضرت ﷺ نے امتوں کو ہدایت کی کہ جب روزقیامت صور پھونکا جائیگا اور ہر چیز تباہ ہوجائے گی اس صورتحال میں اگر کسی کے ہاتھ میں سبز چھڑی ہوتو اسے چاہئے کہ چھڑی کو فوری طو رپر زمین میں لگا دیا جائے۔شجرکاری کی تقریب میں ڈائریکٹر فارمز ڈاکٹر شاہد افضال گل اور طلبہ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔