کورین انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (کوئیکا) کے مالی تعاون سے یونیورسٹی میں پاک کوریا نیوٹریشن سنٹرکے ذریعے غذائی کمی کا شکار بچوں اور خواتین کی خوراک میں بہتری کیلئے راہ ہموار ہوگی۔ مشاورتی اجلاس کی صدارت کلیہ فوڈ نیوٹریشن و ہوم سائنسز کے ڈین ڈاکٹر مسعود صادق بٹ نے بتایا کہ یونیورسٹی میں مجوزہ سینٹر کے قیام اور اس کی سرگرمیوں کو آگے بڑھانے کیلئے ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد اور حکومت پنجاب کے پلاننگ و ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کومنصوبے کی تفصیلات ارسال کی جائیں گی تاکہ سینٹر کو نئی ضروریات اور سہولیات سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ابھی سے منصوبہ بندی کر لی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاک کوریا نیوٹریشن سنٹر کے قیام سے اس شعبہ میں تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں میں خاطر خواہ اضافہ اور وسعت پیدا ہوگی جس سے نچلی سطح پر نیوٹریشن کی صورتحال میں بہتری ممکن ہوگی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ مجوزہ سینٹر کے ذریعے لیڈی ہیلتھ ورکرزاورہیلتھ سپروائزرکے ساتھ ساتھ ڈائی ٹیشنزاور ہیلتھ و نیوٹریشن سپروائزرکی تربیتی ورکشاپس کے انعقاد میں آسانیاں پیدا ہونگی اور مستقبل میں صحت کے حوالے سے بڑھتے ہوئے بجٹ میں ممکنہ طو رپر کمی واقع ہوگی۔نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ سائنس وٹیکنالوجی کے ڈائر یکٹر جنرل ڈاکٹر طاہر ظہور نے کہا کہ بچوں اور خواتین میں غذائی کمی ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے تاہم وہ پراُمید ہیں کہ موجود حکومت جس سنجیدگی اور عزم کے ساتھ اس معاملے میں پیش رفت کر رہی ہے ‘ نتیجہ خیزثابت ہوگی۔ اجلاس میں جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کے ڈاکٹر عمیر باجوہ ‘ جی سی ویمن کی ڈاکٹر مدیحہ ریاض ‘ الائیڈ ہسپتال سے ڈاکٹر ثریا اور یونیورسٹی کے ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی عرفان عباس بھی شریک تھے۔