یونیورسٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف فارمز کے زیرانتظام حکومت پنجاب کے محکمہ لائیوسٹاک اوربیفلوبریڈنگ ایسوسی ایشن کے اشتراک سے منعقدہ مقابلوں میں پورے صوبے سے 50سے زائد بھینسیں شرکت کر رہی ہیں۔ بھینس مقابلوں کا افتتاح یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر ظفراقبال رندھاوا نے بیفلو بریڈنگ ایسوسی ایشن کے صدر سعید حسن‘ ڈین کلیہ ویٹرنری سائنس ڈاکٹر ظفر اقبال قریشی‘ ڈین اُمور حیوانات ڈاکٹر سجاد خاں‘ ڈائریکٹر فارمز ڈاکٹر شاہد افضال گل‘ ترقی پسند کاشتکار چوہدری بشارت جسپال‘ ڈاکٹر خالد محمود شوق ‘ چوہدری عطاءگجر اور انجینئر سمیع اللہ و دیگر کے ہمراہ کیا۔ اس موقع پر شرکاءسے اظہار خیال کرتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا نے کہا کہ ہرچند پاکستان کا شمار دودھ کی مجموعی پیداوار کے حوالے سے دنیا کے چھٹے ملک کے طور پر ہوتا ہے تاہم فی جانور دودھ کی اوسط پیداوار میں اس کا شمار بڑے ممالک میں نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ جانوروں میں دودھ اور خوبصورتی کے مقابلے کروانے کا مقصد صرف یہی ہے کہ اس کے ذریعے جانور پالنے والے کسانوں کے مابین صحت مند مقابلے کو رواج دیا جائے تاکہ فی جانور زیادہ دودھ حاصل کرنے کی ٹیکنالوجی اور طریقہ کار کو عام کرکے کسانوں کی آمدنی بڑھانے کی راہ ہموار کی جا سکے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ جس طرح عمران خان کی قیادت میں وفاقی حکومت لائیوسٹاک سیکٹر اور بالخصوص حلال گوشت کی برآمدات میں اضافہ کیلئے سنجیدگی سے کوشاں ہے فی جانور دودھ کی پیداوار میں اضافے کی ٹیکنالوجی کو عام کرنے کیلئے نمایاں پیش رفت ہوگی۔